ڈرامہ محبت کی آخری کہانی کے سیٹ پر پیش آنے والے جھگڑے کے حوالے سے اداکار سمی خان نے اپنا مؤقف پیش کر دیا ہے۔
انہوں نے تصدیق کی کہ وہ اس ناخوشگوار واقعے کے عینی شاہد تھے، جس میں منسا ملک نے علیزے شاہ کو تھپڑ مارا۔سمی خان کے مطابق واقعے کے بعد منسا ملک میک اپ روم میں آئیں تو علیزے شاہ ان کے پیچھے گئیں اور ردِعمل میں ایک چپل پھینکی جو کسی کو نہیں لگی۔ اس کے باوجود علیزے شاہ نے پیشہ ورانہ انداز برقرار رکھتے ہوئے شوٹنگ مکمل کی۔ سمی خان نے علیزے شاہ کی لگن کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ مشکل حالات میں بھی اپنے کردار سے انصاف کرتی رہیں۔
حالانکہ سمی خان نے کسی کا نام نہیں لیا، لیکن سوشل میڈیا پر اس واقعے کے چرچے اتنے عام ہو چکے ہیں کہ تمام ناظرین جانتے ہیں کہ وہ علیزے شاہ اور منسا ملک کی بات کر رہے ہیں۔یاد رہے کہ علیزے شاہ اس تنازع پر پہلے ہی ایک ویڈیو بیان جاری کر چکی ہیں جس میں انہوں نے صرف اس جھگڑے پر ہی نہیں بلکہ اپنے دیگر اسکینڈلز پر بھی وضاحت پیش کی۔ تاہم اب تک منسا ملک کی طرف سے اس معاملے پر کوئی مؤقف سامنے نہیں آیا۔