اسلام آباد(آئی این پی)اسلام آباد میں برساتی نالے میں گاڑی سمیت بہہ جانے والے باپ بیٹی کا تاحال کوئی سراغ نہ مل سکا، دونوں کی تلاش کیلئے ریسکیو آپریشن دوسرے روز میں داخل ہوگیا ۔ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ اسلام آباد کی نجی ہائوسنگ سوسائٹی میں زیر زمین برساتی نالے کی گزرگاہ میں سرچ آپریشن مکمل کر لیا گیا ہے، زیر زمین برساتی نالے کی گزرگاہ کی کھدائی کر کے کھوجی کتے بھی گزارے گئے تاہم باپ بیٹی یا گاڑی کا کوئی سراغ نہ مل سکا۔ذرائع کا بتانا ہے کہ باپ بیٹی اور ڈوبنے والی گاڑی کی تلاش میں اب ریسکیو آپریشن کاک پل کے مقام پر شروع کیا گیا ہے جس کے لیے گورکھ پور اور سواں برج کے نیچے جال بچھا دئیے گئے ہیں۔ریسکیو ذرائع کے مطابق سی ڈی اے کی سپیشل کشتیوں کے ذریعے اب دریائے سواں میں تلاش کی جائے گی۔