لوگ بمباری اور بھوک سے مر رہے ہیں، انسانی جان اور وقار کی یہ ہولناک بے توقیری ختم ہونی چاہیے،انورابراہیم
کوالالمپور(آ ئی این پی )ملائیشیاکے وزیراعظم انور ابراہیم نے غزہ کے لیے عالمی رہنمائوں سے آواز بلند کرنے کی اپیل کر دی۔ غیرملکی خبررساںادارے کے مطابق انور ابراہیم نے کہا کہ غزہ میں رونما ہونے والا المیہ پوری انسانیت کا امتحان ہے، غزہ میں پورے پورے خاندان اوربچوں کا قتل ہو رہا ہے، لوگ بھوک سے مر رہے ہیں، انسانی جان اور وقار کی یہ ہولناک بے توقیری ختم ہونی چاہیے، یہ سب سے بنیادی اخلاقی ضابطہ کی خلاف ورزی ہے۔انور ابراہیم کا کہنا تھا کہ ملائیشیا تمام عالمی رہنمائوں سے غزہ پر فوری اقدام کی اپیل کرتا ہے، بین الاقوامی قانون پریقین رکھنے والی حکومتیں ایک آواز ہوں، انسانی زندگی کی قدر کرنے والی قومیں ایک آواز ہوں۔ ملائیشین وزیر اعظم کا مزید کہنا تھا کہ اسرائیل پر اثر و رسوخ رکھنے والے فیصلہ کن عمل کرنے کی ہمت کریں، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ غزہ میں قتل عام، بمباری روکنے، بنا رکاوٹ امداد پہنچانے کے لیے کے اسرائیل پر دبائو ڈالیں۔