پشاور ہائیکورٹ میں 16ہزار سے زائد کیس زیر التواء

پشاور(آئی این پی )پشاور ہائیکورٹ میں برسوں سے زیر التواء مقدمات کی تعداد16ہزار 40ہو گئی۔ سرکاری دستاویزات کے حوالے سے میڈیارپورٹ کے مطابق سنگل بنچ میں زیر التواء کیسز کی تعداد 8ہزار 404ہے اور ڈویژن بنچ میں 7ہزار 635مقدمات تاحال فیصلے کے منتظر ہیں، رٹ پٹیشنز کی تعداد 5 ہزار 342ہے جن پر تاحال سماعت نہیں ہوسکی۔دستاویز کے مطابق سول ریویژن کے 2ہزار 767مقدمات التواء کا شکار ہیں، توہین عدالت کے 500سے زائد مقدمات زیر التواء ہیں، بریت کے 972کیسز اور عمر قید کے 255کیسز بھی ابھی تک حل طلب ہیں۔سرکاری دستاویز کے مطابق سزائے موت کی 34اپیلیں اور راہداری ضمانت کی 102درخواستیں کئی سالوں سے زیر التواء ہیں، الیکشن سے متعلق 4اپیلیں اور 14درخواستیں بھی سماعت کی منتظر ہیں۔دستاویزات میں یہ بھی انکشاف ہوا ہے کہ 2015تک زیر التواء مقدمات کی تعداد صرف 438تھی تاہم 2016سے 2025کے دوران یہ تعداد بڑھ کر 15ہزار 602ہو گئی۔