کراچی: متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے رہنما فاروق ستار نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ سندھ سانحہ گل پلازا کے سنگین سوالات کے جوابات دینے کے بجائے عوام کو گمراہ کر رہے ہیں۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فاروق ستار نے کہا کہ گل پلازا کی آگ کے بعد سوالات پوچھے جا رہے ہیں لیکن جواب کچھ اور دیا جا رہا ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ وزیراعلیٰ سندھ حادثے کے 20 سے 22 گھنٹے بعد گل پلازا کیسے پہنچے اور اس تاخیر کی وضاحت کریں۔فاروق ستار نے مزید کہا کہ میئر کراچی 23 گھنٹے کے بعد واقعے کی جگہ پہنچے، اور اس دوران وزیراعلیٰ نے اسلام آباد میں ہونے کا جواز پیش کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اصل سوالات کے جواب دینے کے بجائے توجہ ہٹائی جا رہی ہے۔
انہوں نے فائر ٹینڈرز کی تعداد، ان کی کارکردگی، سندھ میں 18 سالوں میں بنائے گئے فائر اسٹیشنز، اور لیز کے معاہدے کے تحت آگ لگنے کی صورت میں ذمہ داری کے سوالات اٹھائے۔فاروق ستار نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ نے پورے سندھ کے وسائل پر قبضہ کر رکھا ہے اور سوال یہ ہے کہ کتنی اور عمارتوں کے جلنے کا انتظار کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وقت آئے گا، اور وزیراعلیٰ سندھ کا احتساب ہوگا۔