آج سے 30 جون تک ای ٹرانسفر سسٹم کے ذریعے درخواستیں جمع کرا سکیں گے
لاہور(خصوصی رپورٹ)محکمہ سکول ایجوکیشن پنجاب نے اساتذہ کے تبادلوں، پروموشن اور ویٹنگ پوسٹنگ کیلئے ای ٹرانسفر رائونڈ کھولنے کا شیڈول جاری کر دیا۔ اس سلسلے میں جاری نوٹیفکیشن کے مطابق اساتذہ آج سے 30 جون 2026 تک ای ٹرانسفر سسٹم کے ذریعے درخواستیں جمع کرا سکیں گے۔محکمہ تعلیم کے مطابق ای ٹرانسفر رائونڈ پروموشن، باہمی تبادلوں (میوچل ٹرانسفر)اور ویٹنگ پوسٹنگ کے معاملات کو اپ ڈیٹ کرنے کے لیے کھولا گیا ہے۔ تبادلوں اور پوسٹنگ سے متعلق اپیلوں پر یکم جولائی سے 6 جولائی تک ریویو کمیٹی سماعت کرے گی ،اسی روز حتمی فیصلے بھی کر دیئے جائینگے۔ کامیاب امیدواروں کے تبادلہ اور پوسٹنگ آرڈرز 9 جولائی کو جاری کیے جائیں گے۔ تمام سی ای اوز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ پروموٹ ہونے والے اساتذہ کی سکول انفارمیشن سسٹم پر بروقت ٹیگنگ یقینی بنائیں۔ محکمہ نے واضح کیا ہے کہ اگر کوئی پروموٹڈ یا ویٹنگ پوسٹنگ استاد خالی اسامیوں کے مقابلے میں کم ترجیحات دے گا یا کوئی ترجیح نہیں دے گا تو اسے دستیاب خالی اسامیوں میں سے کسی بھی پوسٹ پر تعینات کیا جا سکے گا۔محکمہ نے تمام ضلعی اور فیلڈ دفاتر کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ شیڈول پر عملدرآمد یقینی بنائیں اور اساتذہ تک معلومات بروقت پہنچائیں تاکہ تبادلوں اور پوسٹنگ کا عمل مقررہ وقت کے مطابق مکمل کیا جا سکے۔