نابینا افراد کو خصوصی افراد کی فہرست میں شامل کرنے کا فیصلہ

بل قائمہ کمیٹی برائے بیت المال نے منظور کر لیا ، نابینا افراد کو سرٹیفکیٹ دیا جائیگا
سرٹیفکیٹ سے روزگار کے مواقع، علاج معالجے میں سہولت فراہم کی جائے گی
لاہور (بیورو رپورٹ)حکومتِ پنجاب نے بینائی سے محروم افراد کو خصوصی افراد کی فہرست میں شامل کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ پنجاب خصوصی افراد کو عطائے اختیار (ترمیمی)بل 2025 کو پنجاب اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے بیت المال نے منظور کر لیا۔بل کے تحت نابینا افراد کو باضابطہ طور پر خصوصی افراد کی فہرست میں شامل کیا جائے گا جبکہ اس سے قبل بینائی سے محروم افراد کی واضح تعریف قانون کا حصہ نہیں تھی۔بل کے متن کے مطابق کم بینائی رکھنے والے افراد کو خصوصی افراد کی فہرست میں شامل کیا جائے گا، جبکہ مکمل طور پر بینائی سے محروم افراد بھی خصوصی افراد کے زمرے میں آئیں گے۔قانون کے تحت خصوصی افراد کی فہرست میں شامل ہونے کے بعد نابینا افراد کو خصوصی سرٹیفکیٹ جاری کیا جائے گا، جس کی بدولت وہ مختلف حکومتی فلاحی سکیموں سے مستفید ہو سکیں گے۔ خصوصی سرٹیفکیٹ کے ذریعے نابینا افراد کو روزگار کے مواقع، علاج معالجے میں سہولت اور تعلیمی حصول میں آسانی فراہم کی جائے گی۔قائمہ کمیٹی سے منظوری کے بعد بل کو پنجاب اسمبلی سے باضابطہ منظور کروایا جائے گا۔