رجسٹرڈ5ہزار نابینا افراد کو ماہانہ12ہزار روپے وظیفہ دینے کا فیصلہ

نابینا افراد سے مذاکرات کامیاب ‘محکمہ سوشل ویلفیئر کا نابینا افراد کے لئے علیحدہ جاب کوٹہ نوٹیفائی، تمام محکموں کو عملدرآمد کرنے کی ہدایت
لاہور (سپیشل رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی قیادت میں محکمہ سوشل ویلفیئر نے نابینا افراد کی فلاح و بہبود کے لیے اہم اقدامات کیے ہیں۔ ترجمان محکمہ سوشل ویلفیئر و بیت المال کے مطابق وزیراعلٰی پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر قواعد و ضوابط کے مطابق صوبے بھر کے پانچ ہزار رجسٹرڈ نابینا افراد کو ماہانہ 12 ہزار روپے وظیفہ دیا جائے گا‘ترجمان نے بتایا کہ محکمہ سوشل ویلفیئر نے سراپا احتجاج نابینا افراد کے نمائندگان کو حکومتی اقدامات سے آگاہ کر دیا ہے۔ صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر سہیل شوکت بٹ کی ہدایت پر محکمہ کے سینئر افسروں نے مظاہرین سے مذاکرات کیے، جبکہ ڈائریکٹر جنرل سوشل ویلفیئر طارق قریشی سمیت دیگر افسروں نے نابینا افراد کے نمائندگان سے ملاقات کی۔ترجمان کے مطابق تین فیصد جاب کوٹہ میں افراد باہم معذوری کی تمام کیٹگریز کو مساوی نمائندگی دی گئی ہے۔ محکمہ سوشل ویلفیئر پنجاب نے نابینا افراد سمیت تمام معذور افراد کے لیے علیحدہ جاب کوٹہ بھی نوٹیفائی کر دیا ہے۔ مزید برآں، تمام محکموں کو معذوری کوٹے پر فوری عملدرآمد کے لیے مراسلہ جاری کر دیا گیا ہے اور معذوری کوٹہ کی خالی اسامیوں کو مشتہر کرنے کی ہدایت کی گئی ہے‘ترجمان نے کہا کہ حکومتی پالیسی کے تحت نابینا افراد کو مالی ریلیف اور سماجی تحفظ فراہم کیا جائے گا تاکہ وہ باعزت زندگی گزار سکیں