بل اسمبلی میں پیش ،منظوری کے بعد خصوصی افراد کا سرٹیفکیٹ جاری کیا جا سکے گا،ملازمت ، علاج معالجے میں آسانی ہو گی
لاہور(خصوصی رپورٹ) حکومت پنجاب نے بینائی سے محروم افراد کو خصوصی افراد کی فہرست میں شامل کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ اس سلسلے میں پنجاب خصوصی افراد کو عطائے اختیار (ترمیم) بل 2025ء رواں اجلاس کے دوران پنجاب اسمبلی میں پیش کر دیا گیا۔بل کے متن کے مطابق نابینا افراد کو باقاعدہ طور پر خصوصی افراد کی فہرست میں شامل کیا جائے گا، جبکہ اس سے قبل بینائی سے محروم افراد کی واضح تعریف قانون میں شامل نہیں تھی۔ ترمیمی بل کے تحت 3/60 سے کم بینائی رکھنے والے افراد اور مکمل بینائی سے محروم افراد دونوں کو خصوصی افراد کی فہرست کا حصہ بنایا جائے گا۔بل کی منظوری کے بعد نابینا افراد کو خصوصی افراد کا سرٹیفکیٹ جاری کیا جا سکے گا، جس کے ذریعے وہ مختلف حکومتی سہولیات اور فلاحی اسکیموں سے مستفید ہو سکیں گے۔ خصوصی سرٹیفکیٹ کے حصول سے نابینا افراد کے لیے ملازمت کے مواقع، علاج معالجے میں سہولت اور تعلیمی حصول میں آسانی پیدا ہو گی۔ترمیمی بل کو مزید غور و خوض کے لیے دو ماہ کے لیے متعلقہ قائمہ کمیٹی کے سپرد کر دیا گیا ، کمیٹی کی منظوری کے بعد بل کو پنجاب اسمبلی سے منظور کروایا جائے گا، جبکہ بل کی حتمی منظوری گورنر پنجاب دیں گے