مریم نواز نے3روزہ بسنت فیسٹیول کی منظوری دیدی

6فروری کوبسنت لانچنگ ، گھروں کی توسیع کے بلاسود قرض دینے کی منظوری 
1534 پلاٹوں کی الاٹمنٹ کی جائیگی،جون تک 1لاکھ 60ہزار گھر بنانے کا ہدف
لاہور(کرائم رپورٹر)وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے تین روزہ بسنت فیسٹیول کی منظوری دے دی،ان کی صدارت میں گزشتہ روز ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس میں بسنت فیسٹیول سے متعلق اہم فیصلے کئے گئے۔ مریم نوازکا کہناتھاکہ پنجاب کے عوام کو خوشیاں لوٹانے آئی ہوں،پنجاب دل والوں کا صوبہ ہے لیکن عوام کو تفریح سے دور کر دیا گیا تھا۔ یہ سب کا صوبہ ہے، عید، ہولی، کرسمس اور رمضان جس مذہب سے بھی اس کا تعلق ہوں اس کو خوشی منانے کا پورا حق ہے۔ 6،7 اور 8 فروری کو پہلی مرتبہ گورنمنٹ سپانسرڈ اور آرگنائزڈ بسنت منانے جارہے ہیں ، شہریوں کی حفاظت کے لئے جامع سیفٹی پلان بنایا گیا۔انہوں نے کہالاہور کو ریڈ، ییلو اور گرین زون میں تقسیم کردیا،10 لاکھ بائیکس پر مفت سیفٹی راڈ لگارہے ہیں۔ غیر قانونی طور پر پتنگ بازی کرنے والے والدین اور سرپرست ذمہ دار ہوں گے۔ بسنت ٹرانسپورٹ پلان کے تحت فری رائیڈ کی سہولت دیں گے، 500بسیں چلارہے ہیں، اورنج لائن، میٹرو بس، الیکٹرو بس اور فیڈر بس پر سفر مفت ہوگا۔ یانگوکے 6ہزار ر کشے اور24روٹ پر 60ہزار رائیڈ میسر ہوگی۔ سیف سٹی اورکمشنرآفس میں خصوصی کنٹرول روم قائم کئیگئے ہیں،جہاں 24گھنٹے ہائی الرٹ ہوگا،سی سی ٹی وی کیمروں اورڈرون کے ذریعے تین روزہ بسنت میں مانیٹرنگ کی جائے گی۔ 6فروری کی رات بسنت فیسٹول کی لانچنگ کی جائے گی اور7فروری کو باقاعدہ آغازہوگا۔بعدازاں ایک اور اعلیٰ سطح کے اجلاس میں وزیراعلیٰ نے گھروں کی توسیع کے بلاسود قرضوں کے اجرا ء￿  کی منظوری دیدی،انہوں نے جون 2026 تک ایک لاکھ 60 ہزار گھر بنا نے کا ہدف مقررکر دیا۔ مریم نواز نے اپنی زمین، اپنا گھر کے 1534 پلاٹوں کی الاٹمنٹ کی بھی منظوری دے دی۔ پہلے مرحلے میں جہلم میں 194، قصور129، فیصل آباد میں 84 اور لودھراں 59 پلاٹ بذریعہ قرعہ اندازی دئیے جائیں گے۔ انہوں نے اپنی چھت، اپنا گھر پراجیکٹ کے فنڈز بڑھانے کے لئے اقدامات کا حکم بھی دیا۔