لاہور: سبزہ زار میں پالتو شیر کے حملے میں 8 سالہ بچہ بازو سے محروم

لاہور: سبزہ زار میں پالتو شیر کے حملے میں 8 سالہ بچہ بازو سے محروم

لاہور کے علاقے سبزہ زار میں پالتو شیر کے حملے کا ایک اور دلخراش واقعہ پیش آیا ہے، جہاں ایک نجی بریڈنگ فارم میں شیر کے حملے سے 8 سالہ بچے کا بازو بری طرح زخمی ہو گیا، جس کے بعد ڈاکٹروں کو بچے کی جان بچانے کے لیے اس کا بازو کاٹنا پڑا۔

ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق واقعہ سبزہ زار کے 80 فٹ روڈ پر واقع ڈولا بریڈنگ فارم میں پیش آیا، جو عمر اقبال اور علی اقبال کی ملکیت ہے۔ متاثرہ بچہ واجد علی کھیلتے ہوئے شیروں کے پنجرے کے قریب چلا گیا، جہاں ناکافی حفاظتی انتظامات اور مبینہ غفلت کے باعث شیر نے اس پر حملہ کر دیا۔ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے فوری قانونی کارروائی کے احکامات جاری کیے۔ پولیس کے مطابق فارم مالکان نے واقعے کو چھپانے کی کوشش کی اور بچے کو مقامی اسپتال منتقل کر کے ڈاکٹر کو بتایا گیا کہ بچے کا ہاتھ مشین میں آ گیا ہے۔ تاہم ایس پی اقبال ٹاؤن کی سربراہی میں کی گئی تفتیش کے دوران اصل حقائق سامنے آ گئے۔

ترجمان کے مطابق ڈاکٹروں نے بچے کی حالت تشویشناک ہونے کے باعث اس کی جان بچانے کے لیے بازو الگ کر دیا، جس کے بعد متاثرہ بچے کو مزید علاج کے لیے گنگا رام اسپتال منتقل کر دیا گیا۔پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے بریڈنگ فارم کے دونوں مالکان کو گرفتار کر لیا ہے اور ان کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔ ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے کہا کہ کاروباری مفاد کی خاطر انسانی جان کو خطرے میں ڈالنا سنگین جرم ہے اور ایسے واقعات میں ملوث افراد کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔