اپنا کھیت،ا پنا روزگار پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ پنجاب میں زرعی سرکاری اراضی غریب کسانوں کو دی جائیگی پنجاب کابینہ کے فیصلے

سی سی ڈی اور ٹورازم پولیس کیلئے1980بھرتیو ں کی منظوری‘تحصیلوں میں الیکٹروبس سروس کیلئے ایک ہزار گرین بسیں منگوانے کا حکم ،پبلک ٹرانسپورٹ میں25مارچ سے کیش لیس ادائیگی سسٹم نافذ کرنے کا فیصلہ
اضلاع میں ہارس اینڈ کیٹل شو کرانے کی ہدایت،نئے سیاحتی مقامات متعارف کرانے کا حکم ‘یونیورسٹی آف پنجاب کے پوٹھوہار کیمپس گوجر خان میں قیام کی منظوری ‘ سکول مینجمنٹ کونسل پالیسی میں ترامیم کی منظوری
  پیرا ویٹرنری فیلڈسٹاف کیلئے فکسڈ ٹریولنگ الاؤنس دو ہزار روپے ماہانہ سے 4ہزار کرنے کی منظوری ‘اعزازیہ پروگرام برائے امام مسجد صاحبان کو اعزازیہ کی ادائیگی کیلئے قانونی امور کی منظوری دی گئی
لاہور(سپیشل رپورٹر(پنجاب میں کسان کو سرکاری زمین،نوجوان کو روزگار، مسافر کو سہولت، مریض کو بہترین علاج، تاجر کو آسانی،اضلاع کے بعد تحصیلوں میں بھی الیکٹرک بسیں چلیں گئی۔ مزار ع بن کر دوسروں کی زمینوں پر ہل چلانے والے کسانوں کو وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کا اپنے کھیتوں کے مالک بنانے کا تاریخی فیصلہ کیا گیا۔ پنجاب کی زرعی سرکاری اراضی اب اشرافیہ کے لیے نہیں،غریب کے روزگار کے لیے وقف ہوگی۔ پنجاب میں نوجوانوں کے لئے سی سی ڈی،ایکسائز، ٹورازم پولیس، ہوم ڈیپارٹمنٹ اور دیگر میں سینکڑوں آسامیوں کی منظوری دی گئی۔وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی زیر صدارت پنجاب کابینہ کا 32ویں اجلاس،تاریخی فیصلے،نئے پراجیکٹس اور ترقی کا نیا روڈ میپ پیش کیا گیا۔پنجاب میں نیا سفری انقلاب اضلاع کے بعد اب تحصیل میں بھی شاندار گرین بس چلیں گی۔ پنجاب میں ’’اپنا کھیت،ا پنا روزگار پروگرام‘‘ شروع کرنے کا فیصلہ کیاگیاہے ۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کے 32 ویں اجلاس میںفیصلہ کیا گیا کہ صوبے بھر میں زرعی سرکاری اراضی کاشت کے لئے دی جائے گی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے 50ہزار افراد کو کاشت کے لئے سرکاری زمین دینے کے لئے فوری اقدامات کی ہدایت کی۔ اجلاس میں تحصیلوں میں الیکٹروبس سروس شروع کرنے کے لئے ایک ہزار گرین بسیں منگوانے کی ہدایت کی گئی۔ صوبائی کابینہ کے اجلاس میں الیکٹرو بس سروس میں 25مارچ سے کیش لیس ادائیگی سسٹم نافذ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ کیش ادائیگی کی صورت میں مسافر کو الیکٹرک بس میں زیادہ کرایہ ادا کرنے پڑے گا۔ کابینہ نے ٹی کیش کارڈ، بنک کارڈسسٹم 25مارچ سے نافذ کرنے کی منظوری دے دی ۔ اجلاس میںتاجرطبقے کے لئے قوانین میں آسانی پیدا کرنے کے لئے اقدامات کی ہدایت کی گئی۔ ۔ اجلاس میں ایکسائزٹیکسیشن اور نارکوٹیکس کنٹرول میں 216خالی آسامیوں پرکانسٹیبل بھرتی کی منظوری دی گئی۔ کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ کے لیے 1000 نئی آسامیوں کی منظوری دی گئی۔ ٹورازم پولیس کے لیے 980 نئی آسامیوں کی منظوری دی گئی۔ انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ انوویشن ڈیپارٹمنٹ میں نئی آسامیوں کی منظوری دی گئی۔ ٹی ڈی سی پی میں کنٹریکٹ کی بنیاد پر آسامیوں کی منظوری دی گئی۔