مری ،بالائی علاقوں میں بارش ،برفباری،موسم سرد

خنجراب ٹاپ پر شدید برفباری ،3 مسافر وکئی مال بردار گاڑیاں پھنس گئیں 
 اسلام آباد،مری،گلگت (خصوصی رپورٹ )محکمہ موسمیات کاکہناہے کہ آئندہ 24 گھنٹے کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک ، پہاڑی علاقوں میں سرد رہنے کا امکان ہے تاہم شام /رات کو گلگت بلتستان اور بالائی خیبرپختونخوا میں مطلع ابر آلود رہنے،چند مقامات پر بارش برفباری متوقع ہے۔ خیبر پختونخوا کے میدانی اور پنجاب کے زیادہ تر علاقوں میں سموگ چھائے رہنے جبکہ صبح اور رات کو شدید دھند پڑنے کا امکان ہے۔ گذشتہ 24 گھنٹے کے دوران مری ،گلگت بلتستان ،بالائی خیبر پختونخوا اور کشمیر میں بارش ہوئی۔ملکہ کوہسار مری میں موسم سرما کی پہلی بارش سے موسم انتہائی سرد ہو گیا، پیر کوتیز ٹھنڈی ہوا ئوں اور گرج چمک کیساتھ بارش کا سلسلہ دن بھر جاری رہا ،بارش ، سردی بڑھنے پر سیاح کمروں تک محدود رہے ، ضلعی انتظامیہ نے برفباری سے نمٹنے کیلئے تیاریاں مکمل کر لیں ۔ ہنزہ 6، بونجی 2 ،، مالم جبہ 5، دیر اپر4 ، کالام 3، کوٹلی 3، گلگت،گڑھی دوپٹہ ، مظفر آباد میں 1ملی میٹر بارش ہوئی۔ گلگت بلتستان کے سرحدی علاقے خنجراب ٹاپ پر شدید برفباری پرچین سے پاکستان آنیوالی 3 مسافر گاڑیوں سمیت کئی مال بردار گاڑیاں مختلف مقامات پرگزشتہ رات سے پھنسی ہوئی ہیں، انجن سیز ہونے پر مسافروں کو رات گاڑیوں میں گزارنی پڑی،15 ہزار فٹ بلندی پرپھنسے مسافروں نے حکام سے فوری ریسکیو کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔گلگت بلتستان، آزاد کشمیر ، مینگورہ ، مالم جبہ،کالام میں برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔مہوڈنڈ جھیل میں بھی موسم سرما کی پہلی برفباری ہوئی۔