ہائیکورٹ میں بانی پی ٹی آئی کی نااہلی کیخلاف درخواست سماعت کیلئے مقرر
اسلام آباد، راولپنڈی ، لاہور (خصوصی رپورٹ )اسلام آبادہائیکورٹ کے جسٹس انعام امین منہاس کی عدالت نے بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشری ٰبی بی کی توشہ خانہ ٹو کیس میں بریت درخواستوں میں ایف آئی اے کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔گزشتہ روز سماعت کے دوران بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے وکیل کی جانب سے کیس دوسرے بینچ کو بھیجنے کی استدعا کی گئی،بیرسٹر سلمان صفدر نے کہاکہ جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب اس سے پہلے اس کیس سے متعلق پانچ درخواستیں سن چکے ہیں،مناسب ہو گا کہ یہ عدالت بریت کی درخواستیں بھی اْسی عدالت میں واپس بھیج دے،جسٹس انعام امین منہاس نے کہاکہ وہ ضمانت کی درخواستیں تھیں یہ الگ معاملہ ہے،یہ عدالت کیس سْنے گی،جسٹس انعام امین منہاس نے کیس دوسرے بینچ کو بھیجنے کی استدعا مسترد کر دی اور کہا آپ کیس کے میرٹس پر دلائل دیں، عدالت نے ایف آئی اے کونوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت28 جنوری تک ملتوی کردی۔ دریں اثنا اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامرفاروق کی عدالت نے بانی پی ٹی آئی سے اہلیہ ، سیاسی رہنماؤں کو جیل رولز کے تحت ملاقات کرانے،ڈویڑن بینچ کے حکم کے مطابق تحت بیٹوں سے فون پر بات اور ذاتی معالج سے چیک کی بھی ہدایت کردی۔چیف جسٹس نے جیل حکام سے استفسار کیاکہ بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ تو اب سزا یافتہ ہیں انکی ملاقات کا کیا طریقہ ہے؟،جس پراسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ جیل نے کہاکہ میں معلومات حاصل کر لیتا ہوں۔اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس سرداراعجازاسحاق خان کی عدالت نے بانی پی ٹی آئی کے اڈیالہ جیل ٹرائل میں وکیل نعیم پنجوتھا کو اجازت نہ دینے پر توہینِ عدالت کی درخواست واپس لیے جانے پر نمٹادی۔ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج چودھری عامرضیاء کی عدالت نے تھانہ رمنا کے مقدمہ میں بشریٰ بی بی کی عبوری ضمانت میں توسیع کرتے ہوئے بشریٰ بی بی کو جیل میں شامل تفتیش کرنے سے متعلق درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔عدالت نے ملزمہ کی عبوری درخواست ضمانت پر 7 فروری تک توسیع کر دی۔لاہور ہائیکورٹ میں بانی پی ٹی آئی کی نااہلی کے خلاف اور انٹرا پارٹی الیکشن سے متعلق درخواستیں سماعت کے لیے مقرر کردی گئیں۔جسٹس شمس محمود مرزا کی سربراہی میں پانچ رکنی بینچ آج سماعت کرے گا۔ بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے وکلا نے 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس پر اپیل کا ڈرافٹ تیار کر لیا، اپیل کا ڈرافٹ بانی پی ٹی آئی سے اڈیالہ جیل میں شیئر کیا گیا۔24 سے 48 گھنٹے میں سزا کے خلاف اپیل دائر کر دی جائے گی۔ادھر انصاف لائرزفورم کی جانب سے گزشتہ روز بانی پی ٹی آئی اور بشری ٰبی بی کی رہائی کیلئے اسلام آباد کی ضلعی کچہری میں احتجاج کیاگیا،نیاز اللہ نیازی ایڈووکیٹ کی قیادت میں ہونے والے اس احتجاج میں مظاہرین وکلاء نے پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے ۔اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس سردار اعجازاسحاق خان کی عدالت نے بانی پی ٹی آئی کے اڈیالہ جیل ٹرائل میں وکیل مشال یوسفزئی کو اجازت نہ دینے پر توہینِ عدالت کیس میں اڈیالہ جیل حکام کو تحریری جواب جمع کرانے کا حکم دیدیا۔عدالت نے کیس کی سماعت آئندہ جمعہ تک ملتوی کر دی۔