پولیس نے پیچھا کر کے ایک ملزم کو گرفتار کرلیا،دوسرا فرار،تفتیش جاری
سانگلا ہل( خصوصی رپورٹ) میلاد چوک میں موٹر سائیکل سوار 2ملزموں نے پولیس وین پر فائرنگ کردی،پولیس نے تعاقب کرکے ایک ملزم کو گرفتار کرلیا،دوسرا فرار ہوگیا،بتایا گیا ہے کہ رات کے وقت 2موٹر سائیکل سوارمیلاد چوک کی طرف آرہے تھے کہ پولیس نے مشکوک سمجھ کر ان کا پیچھا کرنا شروع کر دیا، مرکزی رضوی جامعہ مسجد کے قریب پولیس اور مشکوک افراد کے درمیان فاصلہ کم ہو گیا، ملزموں نے پیچھا کرنے پر پولیس وین پر اندھا دھند فائرنگ شروع کردی، پولیس نے بھی جوابی فائرنگ کر دی ،ملزم فرار ہو کر مین بازار میں داخل ہو گئے، میلاد چوک میں ریڑھی کی وجہ سے پولیس مین بازار میں داخل نہ ہو سکی تاہم پولیس نے مین بازار اور ملحقہ علاقوں کی ناکہ بندی کر کے رات اڑھائی بجے کے قریب کوہلو والے بازار سے ایک ملزم کو گرفتار کر لیا ،جبکہ دوسرا پولیس کو چکمہ دے کر فرار ہو گیا، ایس ایچ او سٹی آصف اولکھ نے بتایا کہ گرفتار ملزم سے تفتیش کی جا رہی ہے۔