پاکستانی نوجوان عالمی سطح پر کامیابی کے قابل ہیں:وزیراعظم شہباز شریف

 پاکستانی نوجوان عالمی سطح پر کامیابی کے قابل ہیں:وزیراعظم شہباز شریف

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستانی نوجوانوں میں زندگی کے تمام شعبوں میں اپنا لوہا منوانے اور ملک کا نام روشن کرنے کی صلاحیت موجود ہے۔

 انہوں نے یہ بات یونیورسٹی آف لندن کی وائس چانسلر وینڈی تھامسن سے ملاقات کے دوران کہی۔ وزیراعظم نے بتایا کہ پاکستانی طلباء یونیورسٹی آف لندن اور دیگر عالمی تعلیمی اداروں سے تعلیم حاصل کرنے کے بعد عالمی مارکیٹ میں اہم خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان نے نوجوانوں کو میرٹ کی بنیاد پر بیرون ملک اسکالرشپ اور ملازمت کے مواقع فراہم کرنے کے لیے مختلف پروگرام متعارف کرائے ہیں اور نئی حکمت عملیوں پر کام جاری ہے۔

 وزیراعظم نے کہا کہ حکومت اپنے نوجوانوں کو عالمی مارکیٹ کے تقاضوں کے مطابق صلاحیتوں سے آراستہ کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ملاقات میں یونیورسٹی آف لندن کی وائس چانسلر وینڈی تھامسن نے پاکستان میں تعلیم کے فروغ کے لیے وزیراعظم کے اقدامات کی تعریف کی۔ اس ملاقات میں وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ اور دیگر متعلقہ اداروں کے افسران بھی موجود تھے۔