عالمی شراکت داری نے پاکستان کی صنعتوں کی کارکردگی و مواقع میں اضافہ کیا:رومینہ خورشید

 اس تعاون کی بدولت پاکستان عالمی سطح پر اپنی پوزیشن مضبوط کر رہا ہے‘کوآرڈینیٹرکاڈبلیوڈبلیو ایف کانفرنس سے خطاب
اسلام آباد، (آن لائن) وزیرِاعظم کی کوآرڈینیٹر برائے ماحولیاتی تبدیلی رومینہ خورشید عالم نے ڈبلیو ڈبلیو ایف کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ماحولیاتی تبدیلی اور صنعتوں کی پائیداری کے موضوع ''پاکستان کے سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز پراجیکٹ میں انٹرنیشنل لیبر اینڈ انوائرنمنٹل اسٹینڈرڈز'' پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔رومینہ خورشید عالم نے عالمی تعاون کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ عالمی شراکت داری نے پاکستان کی صنعتوں کی کارکردگی اور مواقع میں اضافہ کیا ہے، اور اس تعاون کی بدولت پاکستان عالمی سطح پر اپنی پوزیشن مضبوط کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ پروگرام پاکستان میں ماحولیاتی استحکام کے فروغ میں ایک سنگ میل ثابت ہوگا، جس سے نہ صرف ماحول کو تحفظ ملے گا بلکہ صنعتوں کی کارکردگی میں بھی بہتری آئے گی۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بین الاقوامی پروگرامز کے نتائج کو آگے لے جانا ضروری ہے تاکہ پاکستان کی صنعتیں عالمی معیار پر پورا اتر سکیں اور پائیدار ترقی کی راہ پر گامزن ہوں۔رومینہ خورشید عالم نے محنت کش طبقے کے حقوق اور ان کی فلاح کے لیے مزید اقدامات کی ضرورت پر زور دیا تاکہ یہ طبقہ عالمی سطح پر مستحکم اور ترقی پذیر ہو سکے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ماحولیاتی منصوبے جنوبی ایشیا کے لیے ایک اہم مثال ہیں، جو نہ صرف ماحول کی حفاظت کرتے ہیں بلکہ معیشت کو بھی فروغ دیتے ہیں۔رومینہ خورشید عالم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت پاکستان عالمی شمولیت اور پائیداری کے عزم پر قائم ہے اور عالمی سطح پر ماحولیاتی مسائل کے حل کے لیے سرگرم ہے۔