قومی اسمبلی :پی ٹی آئی کا ایک بار پھر احتجاج ونعرے بازی کے بعد واک آئوٹ

اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کو بولنے کی اجازت نہ دینے پر اپوزیشن ارکان کی نعرے بازی، ایجنڈے کی کاپیاں پھاڑ دیں،ڈیسک بجاکر احتجاج کیا
 اسلام آباد(آئی این پی )قومی اسمبلی میں جمعرات کو بھی پی ٹی آئی ارکان کی جانب سے احتجاج کیا گیا اور نعرے بازی کی گئی۔ بعد ازاں اپوزیشن ارکان واک آئوٹ کر گئے۔سپیکر سردار ایاز صادق کی زیرصدارت قومی اسمبلی کا اجلاس شروع ہوتے ہی اپوزیشن نے احتجاج شروع کردیا۔ اجلاس میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے نکتہ اعتراض پر مائیک مانگا، تاہم سپیکر نے انہیں اجازت دینے سے انکار کردیا۔عمر ایوب کو اجازت نہ ملنے پر پی ٹی آئی کے ارکان نے ڈیسک بجا کر احتجاج کیا، جس سے ایوان کی کارروائی شدید متاثر ہوئی اور سپیکر نے کان پر ہیڈ فون لگا لیے۔ اس دوران حکومتی وزراء اور پارلیمانی سیکرٹریز نے ہیڈ فون لگا کر کارروائی جاری رکھنے کی کوشش کی۔اجلاس میں پی ٹی آئی ارکان کی جانب سے ظالمو جواب دو خون کا حساب دو کے نعرے لگائے گئے۔ اس دوران پی ٹی آئی ارکان نے ایجنڈے کی کاپیاں بھی پھاڑ کر پھینک دیں۔رکن قومی اسمبلی آغا رفیع اللہ نے کہا کہ عوام دیکھ لیں آج پی ٹی آئی کے نمائندے ان کے حقوق کی بات کررہے ہیں یا جانوروں کی آوازیں نکال رہے ہیں۔ یہاں یہ مہنگائی پر بات نہیں کرتے، نہ بجلی کی بات کرتے ہیں۔