بیرسٹر گوہر کا عمران خان کا علاج شفاء انٹرنیشنل اسپتال میں ذاتی معالجین سے کروانے کا مطالبہ

بیرسٹر گوہر کا عمران خان کا علاج شفاء انٹرنیشنل اسپتال میں ذاتی معالجین سے کروانے کا مطالبہ

 پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے عمران خان کو علاج کے لیے شفاء انٹرنیشنل اسپتال میں اپنے ذاتی معالجین سے علاج کروانے کا مطالبہ کیا ہے۔

انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر جاری پیغام میں بتایا کہ انہیں آج صبح 2 بجے ایک میسج کے ذریعے اطلاع ملی کہ عمران خان کو پمز اسپتال لایا گیا تھا تاکہ انجکشن لگایا جا سکے، مگر انہیں پیشگی اطلاع نہیں دی گئی تھی۔بیرسٹر گوہر نے زور دیا کہ ہمارا موقف اب بھی یہی ہے کہ عمران خان کا علاج شفاء انٹرنیشنل اسپتال میں ان کے خاندان کے ڈاکٹرز اور معالجین کی موجودگی میں مکمل طور پر کیا جائے۔یاد رہے کہ عمران خان کو فالو اپ طبی معائنے کے لیے پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) منتقل کیا گیا تھا، جہاں ان کی آنکھ کے علاج کا اہم مرحلہ مکمل ہوا۔

پریس ریلیز کے مطابق، عمران خان کو 24 فروری 2026 کو اینٹی VEGF انٹرا وٹریل انجیکشن کی دوسری خوراک کے لیے اسپتال لایا گیا، جہاں ماہرین کے بورڈ نے ان کا تفصیلی معائنہ کیا۔معائنے میں کنسلٹنٹ کارڈیالوجسٹ کی جانب سے ایکو کارڈیوگرافی اور ای سی جی بھی کی گئی، جن کے نتائج نارمل آئے، اور کنسلٹنٹ فزیشن نے انہیں طبی طور پر مستحکم قرار دیا۔ڈاکٹرز نے رضامندی کے بعد، حفاظتی پروٹوکول اور مانیٹرنگ کے تحت، کنسلٹنٹ آپتھلمولوجسٹ کی نگرانی میں، مائیکروسکوپی گائیڈنس کے ساتھ انجیکشن دیا، جسے کامیاب قرار دیا گیا ہے۔