جلنے، خراب ہونیوالے میٹرتبدیل کرنے کی بجائے ریڈنگ بیک اپ میٹرز پر منتقل
لاہورخصوصی رپورٹ) لیسکو میں کمرشل اور انڈسٹریل صارفین کیلئے ایل ٹی سمارٹ میٹرز کی قلت پیدا ہو گئی جسکے باعث نئے کنکشنز کے اجرا اور جلنے یا خراب ہونیوالے میٹرز کی تبدیلی کا عمل روک دیا گیا۔ذرائع کے مطابق متعدد صارفین ایل ٹی ٹو او یو میٹرز کیلئے ڈیمانڈ نوٹسز جمع کروا چکے ہیں۔ لیسکو کی جانب سے میٹرز کے علاوہ دیگر متعلقہ میٹریل کا اجرا تو شروع کر دیا گیا ہے تاہم سمارٹ میٹرز کی عدم دستیابی پر صارفین کو تاحال کنکشن فراہم نہیں کیے جا سکے۔حکام کا کہنا ہے کہ جلنے اور خراب ہونے والے میٹرز کو فوری تبدیل کرنے کی بجائے ریڈنگ بیک اپ میٹرز پر منتقل کر دی گئی ہے تاکہ بلنگ کا عمل متاثر نہ ہو۔ لیسکو ایم اینڈ ٹی رپورٹس کی روشنی میں میٹرز کی تبدیلی کا عمل مکمل کرتی ہے جبکہ خراب میٹرز کی رپورٹس اور نئے کنکشنز کے ڈیمانڈ نوٹسز پہلے ہی جمع ہو چکے ہیں۔لیسکو حکام کا کہنا ہے کہ میٹرز کی فراہمی کا مسئلہ جلد حل کرنے کیلئے اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ صارفین کو درپیش مشکلات کا ازالہ کیا جا سکے اور نئے کنکشنز کا اجرا بحال ہو سکے۔