پنجاب حکومت کا مسودہ قانون برائے فلم ڈویلپمنٹ اتھارٹی واپس لینے کا فیصلہ

اسمبلی کے اجلاس کے دوران رولز آف پروسیجر 110کے تحت مسودہ قانون واپس لیا جائیگا:حکومتی ذرائع 
 لاہور (یواین پی) پنجاب حکومت نے مسودہ قانون برائے فلم ڈویلپمنٹ اتھارٹی واپس لینے کا فیصلہ کر لیا، پنجاب اسمبلی کے اجلاس کے دوران رولز آف پروسیجر 110کے تحت مسودہ قانون واپس لیا جائے گا۔حکومتی ذرائع نے بتایا کہ مسودہ قانون اصلاحات کے بعد دوبارہ اسمبلی میں پیش کیا جائے گا، پنجاب حکومت نے فلم انڈسٹری کے فروغ کے لیے پنجاب فلم ڈویلپمنٹ اتھارٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا تھا، پنجاب فلم ڈویلپمنٹ اتھارٹی ایکٹ 2025ء دسمبر میں پیش ہوا تھا۔پنجاب فلم ڈویلپمنٹ اتھارٹی سے فلم سازی، ڈراما، ڈاکیومنٹری کی سرپرستی کی جانا تھی، نئی فلم پالیسی، قواعد و ضوابط اور لائسنسنگ کا جامع نظام متعارف کروایا گیا تھا، فلم سازوں کو سہولیات، اجازت ناموں اور ون ونڈو آپریشن کی سہولت ملنا تھی۔اس ایکٹ کے تحت مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے خصوصی مراعات دی کی تجویز تھی، فلم سٹوڈیوز، فلم سٹی اور پوسٹ پروڈکشن سہولیات کے قیام کی راہ ہموار ہونا تھی، نئے ٹیلنٹ کی تربیت کے لیے ٹریننگ پروگرامز شروع ہونا تھے۔