اسلام آباد(خصوصی رپورٹ)وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے ہمیں معرکہ حق کی طرح معرکہ ترقی بھی جیتنا ہے، ہم نے کئی بار ترقی کے منصوبے بنائے، مگر سیاسی عدم استحکام نے پالیسیوں کے تسلسل کو متاثر کیا،اٹھارویں ترمیم کا مقصد سماجی شعبوں میں بہتری لانا تھا، لیکن اختیارات نچلی سطح تک منتقل نہ ہونے سے مطلوبہ نتائج حاصل نہیں ہوسکے۔وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے ’’اڑان پاکستان‘‘ کے تحت گیارہ قومی اقتصادی مشنز میں سے ساتویں مشن، انسانی وسائل اور مہارتوں کے فروغ کے اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ ہم نے کئی بار ترقی کے منصوبے بنائے، مگر سیاسی عدم استحکام نے پالیسیوں کے تسلسل کو متاثر کیا، پاکستان 2047 میں آزادی کی سو سالہ تکمیل پر کہاں کھڑا ہوگا، آج ہمارے سامنے یہ فیصلہ کن سوال ہے،ہمیں معرکہ حق کی طرح معرکہ ترقی بھی جیتنا ہے، پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے پالیسیوں کا تسلسل اور سیاسی استحکام ناگزیر ہے۔ احسن اقبال نے کہا کہ اٹھارویں ترمیم کا مقصد سماجی شعبوں میں بہتری لانا تھا، لیکن اختیارات نچلی سطح تک منتقل نہ ہونے سے مطلوبہ نتائج حاصل نہیں ہوسکے، اب صرف منصوبے بنانے کا وقت نہیں، منصوبوں پر مؤثر عمل درآمد یقینی بنانا ہوگا، ضلع کی سطح پر بااختیار محکمے قائم کرنا ہوں گے تاکہ عوام کو بنیادی سہولیات ان کی دہلیز پر میسر آسکیں، ایک صوبائی سیکرٹری پورے صوبے کے مسائل مؤثر انداز میں حل نہیں کرسکتا، اختیارات کو مقامی حکومتوں تک منتقل کرنا ہوگا، عوام کو دہلیز پر سہولیات کی فراہمی کے لیے انتظامی اصلاحات پانی ہونگی، پاکستان کی شرح خواندگی 63 فیصد ہے، اس سطح کی شرح خواندگی کے ساتھ ہم مطلوبہ رفتار سے ترقی نہیں کرسکتے