صوبائی دارالحکومت لاہور میں ایک دردناک حادثے نے ایک اور خاندان کو اجاڑ دیا۔ راوی پل پر ایک تیز رفتار ٹرک نے موٹرسائیکل پر سوار خاندان کو کچل دیا، جس کے نتیجے میں ماں اور چھ ماہ کا بیٹا موقع پر ہی جاں بحق جبکہ باپ شدید زخمی ہو گیا۔
حادثے کی تفصیلات
پولیس کے مطابق جاں بحق افراد کی شناخت 23 سالہ ارم اور اس کے چھ ماہ کے بیٹے عمر کے طور پر ہوئی ہے۔حادثہ اُس وقت پیش آیا جب ارم کا شوہر عدنان اپنی بیوی اور بچے کے ہمراہ موٹرسائیکل پر بتی چوک کی جانب جا رہا تھا۔ راوی پل پر پہنچتے ہی ایک تیز رفتار ٹرک نے ان کی موٹرسائیکل کو ٹکر ماری، جس سے ارم اور ننھا عمر موقع پر دم توڑ گئے، جبکہ عدنان کو شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
ڈرائیور فرار، پولیس کی کارروائی
حادثے کے بعد ٹرک ڈرائیور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ پولیس نے فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ کر لاشوں کو تحویل میں لیا اور ضروری قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔شواہد جمع، سی سی ٹی وی سے مدد لی جا رہی ہےپولیس حکام کے مطابق جائے حادثہ سے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں اور قریبی سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج حاصل کی جا رہی ہے تاکہ فرار ہونے والے ٹرک ڈرائیور کی شناخت اور گرفتاری عمل میں لائی جا سکے۔
اہل خانہ غم سے نڈھال
ارم اور عمر کی موت کی اطلاع ملتے ہی لواحقین اسپتال پہنچ گئے جہاں کہرام برپا ہو گیا۔ اہل علاقہ اور اہل خانہ نے انتظامیہ سے ٹرک ڈرائیور کی فوری گرفتاری اور سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔