ویب ڈیسک: پاکستان کے 11 سالہ احمد رضا، جو بھارتی فاسٹ بولر جسپریت بمرا کے بولنگ اسٹائل سے مشابہت رکھتے ہیں، سوشل میڈیا پر دھوم مچا رہے ہیں۔
احمد رضا کو آئی سی سی کی "کرکٹ فار گُڈ ایکٹیویٹی" کے تحت آسٹریلوی کھلاڑیوں کے خلاف بولنگ کا موقع ملا، جہاں انہوں نے اپنی شاندار کارکردگی سے سب کو حیران کر دیا۔ احمد نے مشہور آسٹریلوی آل راؤنڈر گلین میکسویل کو دو مرتبہ آؤٹ کیا، جن میں ایک بار بولڈ اور ایک بار کیچ آؤٹ شامل ہے۔احمد رضا کا کہنا ہے کہ انہیں جسپریت بمرا کا منفرد بولنگ ایکشن بہت پسند ہے اور وہ اسی انداز میں بولنگ کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا، "مجھے بہت خوشی ہوئی کہ میں نے آسٹریلوی ٹیم کو بولنگ کروائی۔ گلین میکسویل میرے پسندیدہ بیٹر ہیں اور انہیں آؤٹ کرنا ایک ناقابلِ یقین لمحہ تھا۔"
مزید برآں، احمد رضا نے گلین میکسویل سے اپنی شرٹ اور کیپ پر آٹوگراف بھی لیا اور اس لمحے کو یادگار قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ محنت جاری رکھیں گے تاکہ مستقبل میں بھی اسی طرح کی کامیابیاں حاصل کر سکیں۔احمد کی یہ ویڈیو آسٹریلوی ٹیم کی جانب سے بھی سوشل میڈیا پر اپلوڈ کی گئی، جس کے بعد یہ ویڈیو وائرل ہوگئی اور شائقین کرکٹ نے احمد کی مہارت کو خوب سراہا۔