چھوٹے بڑے شہروں کی فہرست تیار ، شہروں کی فزیبلٹی ورلڈ بینک کے سپرد
لاہور(کرائم رپورٹر)صوبائی وزیر بلدیات ذیشان رفیق کی زیر صدارت اجلاس، چیف منسٹر پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کا جائزہ لیا گیا۔ سپیشل سیکرٹری لوکل گورنمنٹ آسیہ گل اور پنجاب میونسپل ڈویلپمنٹ فنڈ کمپنی(پی ایم ایف ڈی سی) کے منیجنگ ڈائریکٹر سید زاہد عزیز نے بریفنگ دی۔ وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے کہا کہ تمام منصوبوں میں سیوریج سسٹم کو سولرائزڈ کیا جائے گا۔ پی ایم ڈی ایف سی نے 189 چھوٹے بڑے شہروں کی فہرست تیار کر لی ہے۔ پہلے مرحلے میں 40 شہروں کا تخمینہ تیار کیا گیا ہے جبکہ 20 شہروں کی فزیبلٹی ورلڈ بینک کے سپرد کر دی گئی ہے۔اگلے مرحلے میں 110 مزید شہروں کو پروگرام میں شامل کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ منصوبے کی خاص بات سٹارم واٹر محفوظ کرنے کیلئے پانڈنگ ایریاز بنانا ہیں۔ یونیسیف نے شیخوپورہ میں مکمل ہونے والے پائلٹ پراجیکٹ کی تعریف کی ہے۔ پانڈنگ ایریاز کے ساتھ پارک بھی بنائے جا رہے ہیں۔ ذیشان رفیق نے کہا کہ پراجیکٹ پر 150 ارب روپے لاگت آئے گی۔ تمام شہروں کی اگلے 25 سال کی سیوریج اور واٹر سپلائی کی ضروریات مدنظر رکھیں گے۔