لاہور ہائیکورٹ بار الیکشن حامد خان گروپ نے میدان مار لیا

 آصف نسوانہ صدر منتخب ،عبدالرحمٰن نائب صدر،فرخ چیمہ سیکرٹری اور حام بن شعیب فنانس سیکرٹری بن گئے
لاہور (کرائم رپورٹر)لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات میں پروفیشنل گروپ (حامد خان گروپ )نے میدان مار لیا۔ صدارتی امیدوار ملک آصف نسوانہ نے انتخابی دنگل جیت لیا ،7 ہزار 50 ووٹوں سے لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر منتخب ہوگئے۔ان کے مدمقابل انڈیپنڈنٹ گروپ (عاصمہ جہانگیر گروپ)کے ثاقب اکرم گوندل 6 ہزار 4 سو 60 ووٹ حاصل کر دوسرے نمبر پر رہے۔نائب صدر کی نشست پر عبد الرحمن رانجھا 8 ہزار 2 سو 55 ووٹ حاصل کر کے کامیاب قرار پائے۔سیکرٹری کی نشست پر فرخ الیاس چیمہ 6 ہزار 8 سو 33 ووٹ حاصل کر کے کامیاب قرار پائے۔سیکرٹری فنانس کی نشست پر حام بن شعیب کمبوہ بلا مقابلہ کامیاب قرار پائے۔الیکشن میں بائیو میٹرک سسٹم کے ذریعے ووٹرز نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔ مجموعی طور پر 30ہزار763رجسٹرڈ ووٹرز میں سے کل 13 ہزار 602 ووٹرز نے بائیو میٹرک سسٹم کے تحت ووٹ کاسٹ کیا، انتخابات کے لیے سات پولنگ بوتھ قائم کیے گئے جبکہ بائیو میٹرک ووٹنگ کے لیے 120 کمپیوٹر نصب کیے گئے تھے۔چیئرمین الیکشن بورڈ شہزاد منڈ اور ڈپٹی چیئرمین محمد علی نے انتخابی عمل کی نگرانی کی۔انتخابی نتائج کا اعلان ہوتے ہی کامیاب اْمیدواروں کے حامی نوجوان وکلا نے زبردست نعرہ بازی کی اور جیت کی خوشی میں بھنگڑے ڈالے اور کامیاب اْمیدواروں کو اپنے کندھوں پر اٹھا لیا۔اس موقع پر بانی پی ٹی آئی عمران خان کے حق میں بھی نعرے لگائے گئے۔ نو منتخب صدر ملک آصف نسوانہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا میری کامیابی آئین و قانون کی بالادستی اور عدلیہ کی مضبوطی کے لئے جدو جہد کرنے والے وکلا کی کامیابی ہے ،انہوں نے کہا کہ بار اور بینچ کو ساتھ لیکر چلیں گے۔وکلاء کی فلاح و بہبود کے ساتھ ساتھ آئین کی بالادستی اور عدلیہ کی مضبوطی کے لئے کام کریں گے ، وکلا کی مشاورت سے معاملات کو آگے لے کر چلیں گے۔