ملک سے دھونس، دھاندلی ، فریب کا نظام ختم کرنا ہوگا:پی ٹی آئی

 بانی پی ٹی آئی نے اپنے خطوط میں این آر او نہیں مانگا،ہمیں اقتدار کی ہوس نہیں ، ہمیںدھونس اور فریب کے نظام کو زمین بوس کرنا ہے
پاکستان کے ہر شہری کا گلا گھونٹا گیا ہے، پیکا ایکٹ بدترین مثال ، سلمان اکرم راجا کی پارٹی رہنمائوں کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو
کراچی(آئی این پی )پی ٹی آ ئی کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے کہا ہے ملک میں اس وقت دھونس، دھاندلی اور فریب کا نظام قائم ہے، ہمیں اس نظام کو ختم کرنا ہو گا، بانی پی ٹی آئی نے اپنے خطوط میں این آر او نہیں مانگا۔کراچی میں مزار قائد پر حاضری کے بعد پارٹی رہنمائوں کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سلمان اکرم راجہ کا کہنا تھا کہ ہم وہ سیاست کررہے ہیں جو قائداعظم اور علامہ اقبال کی سیاست تھی، کراچی وہ شہر ہے جس نے پی ٹی آئی کو الیکشن میں 22سیٹیں دیں، کراچی سے پی ٹی آئی کی 22سیٹیں چرائی گئیں، ہم سندھ اور کراچی کے حق کیلئے کھڑے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم سیاست کو عبادت سمجھتے ہیں، ہمیں اقتدار کی ہوس نہیں ،عوام کو آزادی دلانی ہے، اس وقت دھونس اور فریب کا نظام قائم ہے جس کو زمین بوس کرنا ہے، ہم قائداعظم کے مزار پر آئے ہیں، قائداعظم نے کہا تھا ہر ادارہ اپنی آئینی حدود میں رہے، پاکستان میں طاقت کا سرچشمہ عوام ہیں کوئی اورنہیں ، نہ ہوسکتا ہے۔سلمان اکرم راجہ کا کہنا تھا کہ آج مزارقائدسے اپنے اندر ایک نئی تحریک پیدا کریں گے جو پورے پاکستان میں پھیلے گی، آج جو صورتحال ہے وہ ملکی تاریخ میں کبھی نہیں دیکھی، ہم پوری صحافی برادری کے ساتھ کھڑے ہیں، پاکستان کے ہر شہری کا گلا گھونٹا گیا ہے، ہمارا آئین آزادی اظہاررائے کا حق دیتا ہے، پیکا ایکٹ بدترین مثال ہے ایک بنیادی حق کو جرم بنادیا گیا ہے۔سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے خطوط میں دوٹوک کہا کہ آئین وقانون کے مطابق حدود میں رہا جائے، بانی پی ٹی آئی نے اپنے خطوط میں این آر او نہیں مانگا۔رہنما تحریک انصاف اسد قیصر نے کہا کہ کراچی کے لوگ ہمیں محبت دے رہے ہیں، کراچی والوں نے ہمیں عام انتخابات میں 22سیٹیں دیں، پورے سندھ سے ہمیں 44سیٹیں ملیں، ہمارے مینڈیٹ کو چوری کیا گیا، سندھ اور وفاقی حکومت کے پاس عوامی مینڈیٹ نہیں۔ان کا کہنا تھا کہ سندھ میں امن وامان کی صورتحال خراب ہے، کراچی میں روزانہ شہریوں کے ساتھ لوٹ مار ہورہی ہے، سندھ میں غیر منتخب لوگ بیٹھے ہیں، کراچی پورے پاکستان کو بہت بڑا ریسورس دیتا ہے لیکن کراچی کو کچھ نہیں دیا گیا، پیپلزپارٹی سندھ کے عوام کے ساتھ ظلم کررہی ہے۔اسدقیصر نے کہا کہ سندھ کے لوگوں کوصاف پانی،روزگاراورنہ امن مل رہا ہے، ہم ایسی مہم چلائیں گے کہ آئندہ کوئی الیکشن میں دھاندلی نہ کرسکے، اس وقت ملک کو صحیح معنوں میں عوام کے نمائندوں کے حوالے کیا جائے، بانی پی ٹی آئی سمیت تمام پارٹی رہنماں اورکارکنان کو رہا کیا جائے، ہم ان تمام سیاسی پارٹیوں کا اکٹھا کررہے ہیں جو حکومت سے باہر ہیں۔اس موقع پر رہنما تحریک انصاف لطیف کھوسہ کا کہنا تھا کہ آئین کو کاغذ کا ایک ٹکڑا سمجھ لیا گیا ہے، ملک کو ترقی کی راہوں پر گامزن کرنا ہیتو آئین پر عملدرآمد ضروری ہے، قائداعظم نے کہا تھا عوام ہی حکمران ہیں، ہمارے ہاں بے راہ روی آگئی ہے، کچے اور پکے کے ڈاکوئوں نے دھرتی ماں کو ڈھانچہ بناکر رکھ دیا ہے، 180سیٹیں جیتنے والا اڈیالہ جیل اور17سیٹیں جیتنے والا وزیراعظم ہے، اس سے پہلے ایسا ظلم نہیں ہوا۔