طاقتور کے قانون کو خاموشی سے قبول نہیں کریں گے، ایسا کرنے کا مطلب یہ ہے کہ یورپ کی حیثیت ماتحت جیسی ہو جائے گی
پیرس(آئی این پی)فرانسیسی صدر ایمانوئل میکخواں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی دھمکی کے جواب میں کہا ہے کہ یورپ دھونس یا دبا ئومیں نہیں آئے گا۔برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق سوئٹزرلینڈ کے شہر ڈیووس میں منعقدہ عالمی اقتصادی فورم کے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے فرانسیسی صدر ایمانوئل میکخواں نے کہا کہ فرانس اور یورپ طاقتور کے قانون کو خاموشی سے قبول نہیں کریں گے۔ ایسا کرنے کا مطلب یہ ہے کہ یورپ کی حیثیت ان کے ماتحت جیسی ہو جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ یورپ اپنی سرحدی خودمختاری اور قانون کی حکمرانی کے لیے کھڑا رہے گا۔ہم دھونس سے زیادہ احترام کو ترجیح دیتے ہیں اور ہم ظلم و جبر کے بجائے قانون کی حکمرانی کو مقدم سمجھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ واشنگٹن کی نئی مصنوعات پر مسلسل بڑھتے ہوئے ٹیرف کا اطلاق بنیادی طور پر ناقابل قبول ہے۔ یہ بات اس وقت اور بھی زیادہ قابلِ اعتراض ہو جاتی ہے جب انہیں علاقائی خودمختاری کے خلاف دبا کے طور پر استعمال کیا جائے۔فرانسیسی صدر کا یہ بیان امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی اس دھمکی کے بعد سامنے آیا ہے جس میں انہوں نے کہا تھا کہ اگر یورپ امریکہ کو گرین لینڈ پر مالکانہ حق حاصل نہیں کرنے دے گا تو وہ بھاری ٹیرف عائد کر دیں گے۔اگرچہ دیگر یورپی رہنمائوں نے تنازع بڑھنے سے روکنے کے لیے معتدل انداز اختیار کیا ہے تاہم ایمانوئل میکخواں نے کھل کر تنقید کی۔