پرتگال کے مشہور فٹبالر اور سعودی کلب النصر کے اسٹار کرسٹیانو رونالڈو نے سعودی عرب کے مغربی ساحل پر واقع دو لگژری ولاز خریدے ہیں۔
یہ ولاز نُجوما (Nujuma) میں ہیں، جو سعودی عرب کی مین لینڈ سے تقریباً 26 کلومیٹر دور واقع ہے اور یہاں پہنچنا صرف چارٹرڈ کشتی یا جہاز کے ذریعے ممکن ہے، جس کی وجہ سے یہ علاقہ انتہائی نجی اور پُرسکون سمجھا جاتا ہے۔رونالڈو کی دولت کا تخمینہ 1.4 ارب ڈالر (تقریباً 3 کھرب 93 ارب پاکستانی روپے) لگایا گیا ہے، اور وہ دنیا کے پہلے کھرب پتی فٹبالر کے اعزاز کے حامل ہیں۔ان دو ولاز میں ایک 3 بیڈرومز پر مشتمل ہے جو پورے خاندان کے استعمال کے لیے ہوگا، جبکہ دوسرا 2 بیڈرومز والا ولا نجی اور مختصر قیام کے لیے خریدا گیا ہے۔ دونوں ولاز کی ابتدائی قیمت 1 کروڑ 55 لاکھ سعودی ریال بتائی گئی ہے، تاہم مجموعی خریداری پر ادا شدہ رقم کا سرکاری اعلان نہیں ہوا۔
یہ لگژری ریزورٹ صرف 19 نجی ولاز پر مشتمل ہے، جو عالمی معیار کے ڈیزائن، خصوصی سہولیات اور قدرتی خوبصورتی کے لیے مشہور ہیں۔رونالڈو نے کہا کہ پہلی بار یہاں آنے پر وہ اور ان کی منگیتر جارجینا نے فوراً اس جزیرے اور اس کی قدرتی خوبصورتی سے خاص تعلق محسوس کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اب یہ جگہ ان کا اپنا گھر ہے، جہاں وہ خاندان کے ساتھ سکون اور معیاری وقت گزار سکتے ہیں۔واضح رہے کہ رونالڈو نے رواں سال سعودی کلب النصر کی نمائندگی کرتے ہوئے ہمیشہ کے لیے سعودی عرب میں رہنے کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔