امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکا وینزویلا کے ساحل کے قریب ضبط کیے گئے آئل ٹینکروں میں موجود خام تیل یا تو اپنے پاس رکھے گا یا فروخت کر دے گا، جبکہ ضبط شدہ جہازوں کو بھی امریکی کنٹرول میں رکھا جائے گا۔
ٹرمپ نے فلوریڈا میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وینزویلا کے صدر نکولس مادورو کو خبردار کیا کہ اگر وہ اقتدار چھوڑنے سے گریز کریں تو نتائج سنگین ہو سکتے ہیں۔ امریکا نے حالیہ دنوں میں وینزویلا کے خلاف بحری ناکہ بندی سخت کرتے ہوئے تیل لے جانے والے دو جہاز ضبط کیے، جبکہ ایک تیسرے جہاز کا تعاقب جاری ہے۔ واشنگٹن کا دعویٰ ہے کہ وینزویلا تیل کی آمدن کو منشیات، انسانی اسمگلنگ اور دیگر جرائم کے لیے استعمال کر رہا ہے۔دوسری جانب مادورو نے امریکی بیانات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ٹرمپ کو اپنے ملک کے معاشی و سماجی مسائل پر توجہ دینی چاہیے، اور امریکا پر بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی اور بحری قزاقی کا الزام عائد کیا۔
روس نے وینزویلا کی حکومت کی مکمل حمایت کا اعلان کیا، اور روس و چین نے وینزویلا کی درخواست پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا اجلاس بلانے کی حمایت کی، جس میں امریکی اقدامات پر غور کیا جائے گا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ امریکا اور وینزویلا کے درمیان کشیدگی خطے میں عدم استحکام کو مزید بڑھا سکتی ہے۔