راولپنڈی (خصوصی رپورٹ)نومبر احتجاج کے مقدمہ میں بانی پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان پر ان کی غیر موجودگی میں فرد جرم عائد کرنے کے خلاف لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ میں اپیل دائر کر دی گئی۔ عدالت نے وکیل کو ہدایت کی کہ پہلے رجسٹرار آفس کے اعتراضات کو دور کیا جائے اس کے بعد درخواست کو سماعت کیلئے مقرر کیا جائے گا۔ جسٹس صداقت علی خان اورجسٹس سلطان محمود پر مشتمل ڈویڑن بینچ نے علیمہ خان کی اپیل پرسماعت کی۔ رجسٹرار آفس نے اعتراض اٹھایا کہ اس کے ساتھ تصدیق شدہ ایف آئی آر کی کاپی موجود نہیں ،جس پر عدالت نے وکیل کو ہدایت کی کہ پہلے دستاویزات مکمل کی جائیں۔علیمہ خان کے وکیل نے استدعا کی کہ میری موکلہ کی غیر موجودگی میں ان پر فرد جرم عائد کی گئی، جو قانونی طور پر درست نہیں ہے۔