حادثہ نارنگ منڈی کالاخطائی روڈ پرگائوں لدھیکے غربی کے قریب ہوا
45سالہ شہزاد ، 10سالہ محمد مالک اور اسکی ماں گلناز بی بی دم توڑ گئے
کالا شاہ کاکو(خصوصی رپورٹ)شیخوپورہ کے علاقہ نارنگ منڈی کالاخطائی روڈ پرگائوں لدھیکے غربی کے قریب تیز رفتار بس اور وین میں خوفناک تصادم کے نتیجے میں ماں بیٹے سمیت 3 مسافر جاں بحق،19شدید زخمی ہو گئے، جنہیں ریسکیوٹیموں نے ابتدائی طبی امداد کے بعد قریبی ہسپتالوں میں منتقل کر دیا۔ 3زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔ بتایا گیا ہے کہ فیصل آباد سے نارووال کے علاقہ دددھوچک جانے والی تیزر فتار مسافر بس کالاخطائی روڈ پر گائوں لدھیکے غربی کے قریب سامنے سے آنے والی مسافر وین سے ٹکرا گئی جس سے وین میں سوار مریدکے کا رہائشی 45سالہ شہزاد ولد عبد الحمیدا ور لدھیکے کا رہائشی 10سالہ بچہ محمد مالک ولد ملک نصیرا حمد موقع پر دم توڑ گئے، جبکہ جاں بحق بچے محمد مالک کی ماں گلناز بی بی ہسپتال میں چل بسی،19زخمیوں میں کاشف، ثریا، عاطف، محمد یونس، علی حسن، گلریز، صغریٰ، ساغر، نسیم ، زاہد، ندیم، مجید، ثمینہ اور امجد وغیرہ شامل ہیں۔ریسکیو ٹیموں نے بری طرح تباہ وین کے آہنی حصے کاٹ کر زخمیوں کو باہر نکالا اور ابتدائی طبی امدا د کے بعد قریبی ہسپتالوں میں منتقل کیا۔