ائیر سیال کی پرواز روانہ نہ ہو سکی ‘درجنوں عمرہ زائرین نے احرام اتار دئیے

 جہاز میں دوران پرواز خرابی پیدا ہوئی، خرابی دور کر کے جہاز کو روانہ کر دیا جائے گا 
لاہور (آئی این پی) لاہور علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے جدہ جانے والی ائیر سیال کی پرواز تین روز کے بعد بھی روانہ نہ ہو سکی۔ تفصیلات کے مطابق لاہور سے جدہ جانے والی پرواز کے مسافروں کو بورڈنگ کارڈ بھی جاری کر دیے گئے۔ بورڈ ڈنگ کارڈ لیکر مسافر جہاز کے انتظار میں کھڑے رہے ۔ مسافروں کا کہنا ہے کہ تین روز سے کہتے ہیں آج جائے گی کل جائے گی۔ جہاز میں ذیادہ تر عمرہ زائرین بھی شامل ہیں۔ مسافروں کا کہنا ہے کہ پہلے کہا کہ جہاز میں خرابی پیدا ہو گئی ہے انجینئر  ٹھیک کر رہے ہیں، اب کہتے ہیں جہاز جدہ سے نہیں آیا۔ اس صورتحال میں  درجنوں عمرہ زائرین نے احرام بھی اتار دئیے ۔دوسری جانب ائیر سیال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ جہاز میں دوران پرواز خرابی پیدا ہوئی۔ خرابی دور کر کے جہاز کو روانہ کر دیا جائے گا جبکہ مسافروں کو ہوٹل بھجوا رہے ہیں۔