بڑے ہسپتالوں پر بوجھ کم کرنے کے لئے بنیادی مراکز صحت میں سہولیات بڑھانے کی ضرورت ہے:گورنر ہائوس لاہور میں تقریب سے خطاب
لاہور (یواین پی) قائم مقام صدر مملکت سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے بڑے ہسپتالوں پر بوجھ کم کرنے کے لئے بنیادی مراکز صحت میں سہولیات بڑھانے کی ضرورت ہے،دیہی اور کم ترقی یافتہ علاقوں میں معیاری اور سستی صحت کی سہولیات کی فراہمی پر خصوصی توجہ دی جانی چاہیے،18ویں آئینی ترمیم کے تحت صحت کا شعبہ صوبوں کو منتقل کیا جا چکا ہے، اس لیے صوبائی سطح پر موثر قانون سازی اور پالیسی سازی کے ذریعے معیاری صحت کی سہولیات کو فروغ دینا ہوگا،کم ترقی یافتہ علاقوں میں صحت کی سستی سہولیات کی فراہمی کے لیے عالمی تجربات سے استفادہ کرنا چاہیے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہائوس لاہور میں منعقدہ ایسوسی ایشن آف فزیشنز آف پاکستان، ڈیسنٹ آف نارتھ امریکہ (APPNA)کی میڈیکل کانفرنس میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کے موقع پر شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب کا انعقاد پاکستانی نژاد امریکی ڈاکٹروں کی تنظیم اپنا (APPNA)کی جانب سے کیا گیا۔قائم مقام صدر سید یوسف رضا گیلانی نے ممتاز پاکستانی نژاد امریکی ڈاکٹروں میں ایوارڈز تقسیم کیے اور طبی شعبے میں ان کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ امریکی ڈاکٹروں کی اس تقریب میں شرکت ان کے لیے باعثِ اعزاز ہے اور اپنا سے وابستہ فزیشنز کا پاکستان سمیت عالمی سطح پر کردار قابلِ تحسین ہے۔