ایل ڈی اے اور سی بی ڈی پنجاب کے درمیان جاری اختلافات ختم ہو گئے
لاہور (خصوصی رپورٹ)فیروزپور روڈ پر واقع لاہور برج میں لگی آگ کے بعد معاملہ بال آخر حل کی طرف بڑھ گیا ہے۔ایل ڈی اے اور سی بی ڈی پنجاب کے درمیان سرد جنگ کے بعد برف پگھل گئی ہے۔سی بی ڈی پنجاب نے برج کی مرمت کے لیے فنڈز جاری کر دیئے ہیں اور ایل ڈی اے نے مرمت و بحالی کا کام شروع کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق فیروزپور روڈ پر لاہور برج میں لگنے والی آگ کے بعد نقصان کی مرمت اور بحالی پر بال آخر اتفاق رائے پیدا ہو گیا۔ لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور سی بی ڈی پنجاب کے درمیان جاری اختلافات ختم ہو گئے۔ سی بی ڈی پنجاب نے لاہور برج کی مرمت کے لیے تین کروڑ 50 لاکھ روپے کے فنڈز جاری کر دیے۔ ایل ڈی اے نے اس سے قبل دس کروڑ روپے کے فنڈز فراہم کرنے کے لیے مراسلہ لکھا تھا۔سی بی ڈی پنجاب کی طرف سے فراہم کیے گئے فنڈز سے ایل ڈی اے نے لاہور برج کی مرمت اور بحالی کا کام شروع کر دیا ہے۔