بلوچستان میں شدید سردی، کوئٹہ میں سڑکوں پر پانی جم گیا

بلوچستان میں شدید سردی، کوئٹہ میں سڑکوں پر پانی جم گیا

کوئٹہ: بلوچستان میں شدید سردی کے باعث صوبے کے مختلف علاقوں میں درجہ حرارت میں غیر معمولی کمی واقع ہوئی ہے۔

 محکمہ موسمیات کے مطابق زیارت میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 10 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا، جب کہ کوئٹہ میں بھی درجہ حرارت منفی 5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ گوادر اور جیوانی میں کم سے کم درجہ حرارت 10 اور 12 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔موسمی ماہرین کا کہنا ہے کہ پہاڑی علاقوں میں سردی صبح اور رات کے اوقات میں مزید بڑھنے کا امکان ہے، اور صوبے کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور سرد رہنے کی توقع ہے۔شدید سردی کی لہر کے باعث کوئٹہ کی سڑکوں پر کھڑا پانی جم گیا ہے جس کے نتیجے میں کئی موٹر سائیکل سوار اور سائیکل سوار پھسل کر زخمی ہو گئے ہیں۔ انتظامیہ نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔