25میں سے 12 کو پہلے اور اب مزید 11 کو لاہور منتقل کیا گیا
لاہور( کرائم رپورٹر)سانحہ 9 مئی میں ملوث ملٹری کورٹ سے سزا پانے والے مجرموں کی جیل منتقلی کا عمل جاری ہے۔ملٹری کورٹ کی جانب سے 9 مئی کیسز میں سزا یافتہ 11 مجرموں کو سینٹرل جیل لاہور منتقل کر دیا گیا، جیل منتقل ہونے والوں میں محمد عمران محبوب، علی شاہ، جان محمد، ضیا الرحمان، علی افتخار، عبدالہادی، داد خان، فہیم حیدر، محمد حاشر، محمد عاشق خان اور محمد بلاول شامل ہیں۔قبل ازیں 25 میں سے 12 مجرموں کو کوٹ لکھپت جیل لاہور منتقل کیا گیا تھا اور اب مزید 11 کو لاہور سینٹرل جیل منتقل کر دیا گیا ہے۔واضح رہے کہ فیلڈ جنرل کورٹ مارشل نے سانحہ 9 مئی میں ملوث 25 مجرموں کو سزائیں سنائی تھیں۔