جنوبی کوریا: اپوزیشن کا قائم مقام صدر ہان ڈک سو کے مواخذے کا اعلان

جنوبی کوریا: اپوزیشن کا قائم مقام صدر ہان ڈک سو کے مواخذے کا اعلان

جنوبی کوریا میں سیاسی بحران شدت اختیار کر گیا ہے، جب اپوزیشن جماعتوں نے معزول صدر یون سک یول کے خلاف تحقیقات کے لیے دو خصوصی بل پر دستخط سے انکار کرنے پر قائم مقام صدر ہان ڈک سو کے مواخذے کا اعلان کر دیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق، ڈیموکریٹک پارٹی نے صدر یون سک یول کے مارشل لاء اور ان کی اہلیہ پر بدعنوانی کے الزامات کی تحقیقات کے لیے قائم کیے گئے بلز کی منظوری کی خاطر کرسمس تک کی ڈیڈ لائن دی تھی۔ ان بلز میں یہ مطالبہ کیا گیا تھا کہ دو آزاد تحقیقاتی ادارے یون سک یول کے مارشل لاء کے احکام اور خاتون اوّل کے مبینہ رشوت کے الزامات کی چھان بین کریں۔

قائم مقام صدر ہان ڈک سو نے اپوزیشن کے مطالبے کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان بلز پر کسی بھی فیصلے کے لیے دو طرفہ اتفاق رائے ضروری ہے۔ تاہم، اپوزیشن رہنماؤں کا کہنا ہے کہ ہان ڈک سو کی کارروائیوں میں تاخیر سے بغاوت جاری رکھنے کا ارادہ واضح ہوتا ہے، اور اب وہ فوری طور پر ان کے مواخذے کی کارروائی شروع کریں گے۔

یاد رہے کہ صدر یون سک یول کو 14 دسمبر کو مارشل لاء کے مختصر اعلان اور دیگر الزامات پر پارلیمنٹ میں مواخذے کے بعد معزول کر دیا گیا تھا، جس کے بعد جنوبی کوریا میں سیاسی بحران شدت اختیار کر گیا ہے۔