چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ وہ سپریم کورٹ کے حکم کی عدم عملداری کے خلاف آج توہین عدالت کی درخواست دائر کریں گے اور امید ہے کہ اس پر جلد سماعت ہوگی۔
سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو میں بیرسٹر گوہر نے بتایا کہ درخواست آج ہی دائر کی جائے گی اور امکان ہے کہ اس پر نمبر بھی لگ جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے آرڈر میں کوئی ابہام نہیں تھا، اور فیصلے کے مطابق عمل ہونا چاہیے تھا، لیکن بانی پی ٹی آئی کو ہسپتال منتقل کرنے کی ہدایت کے باوجود عملدرآمد نہیں کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ میڈیکل بورڈ میں بھی وہ افراد شامل نہیں کیے گئے جو شامل ہونے چاہئیں تھے۔ اس کے علاوہ، انہوں نے بتایا کہ آج پارلیمنٹ میں اپوزیشن کی میٹنگ بھی ہو رہی ہے۔چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ وہ چیف جسٹس سے ملاقات کے لیے آئے تھے، مگر مصروفیت کے باعث ملاقات نہ ہو سکی، تاہم سپریم کورٹ کے رجسٹرار سے ملاقات ہوئی جنہوں نے بینچ کی تشکیل کے حوالے سے یقین دہانی کرائی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بینچ کی تشکیل آن لائن بھی ہو سکتی ہے۔بیرسٹر گوہر نے بانی پی ٹی آئی کے کسی ڈیل کے امکان کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ وہ کوئی ڈیل نہیں کرتے، اور اگر ڈیل کرنا ہوتی تو تین سال قید کاٹنے کی ضرورت نہ ہوتی۔انہوں نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی ہسپتال میں صرف ضروری ٹیسٹ کروانے کے لیے گئے ہیں اور ان کا وہاں ایک منٹ بھی رہنے کا ارادہ نہیں۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ سپریم کورٹ جلد توہین عدالت کی درخواست پر سماعت کرے گی۔