صبا حمید نے والدین کو نصیحت کر دی

صبا حمید نے والدین کو نصیحت کر دی

پاکستان کی سینئر اداکارہ صبا حمید نے والدین کو اہم پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ بچوں کی بہتر ذہنی نشوونما کے لیے ان کو اپنی مادری زبان ضرور سکھانی چاہیے۔

وہ حال ہی میں ایک پروگرام میں مہمان کے طور پر شریک ہوئیں جہاں انہوں نے بچوں کی تربیت، ثقافتی ورثے اور زبان کی اہمیت پر تفصیل سے گفتگو کی۔صبا حمید کے مطابق ہر بچے کو اپنی مادری زبان—چاہے وہ پنجابی ہو، پشتو ہو یا بلوچی—سیکھنی چاہیے، کیونکہ اس سے نہ صرف ان کی سوچنے اور سمجھنے کی صلاحیت بہتر ہوتی ہے بلکہ ذہنی نشوونما بھی مثبت انداز میں متاثر ہوتی ہے۔انہوں نے اپنی مثال دیتے ہوئے بتایا کہ ان کے والد ایک معروف صحافی تھے اور وہ گھر میں بچوں سے پنجابی زبان میں گفتگو کرتے تھے، جس کی وجہ سے وہ آج بھی روانی سے پنجابی بول سکتی ہیں۔

اداکارہ نے کہا کہ زبان صرف بات چیت کا ذریعہ نہیں بلکہ یہ ثقافت اور شناخت کا حصہ بھی ہے، اس لیے والدین کو چاہیے کہ وہ بچوں کو اپنی زبان اور روایات سے جوڑے رکھیں۔انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ان کے اپنے بچے بھی پنجابی زبان سمجھ اور بول سکتے ہیں، جو ان کے لیے باعثِ فخر ہے۔صبا حمید کے مطابق لسانی مہارت دماغی صلاحیتوں کو بہتر بنانے میں مدد دیتی ہے، اس لیے والدین کو جدید تعلیم کے ساتھ ساتھ مادری زبان کی تعلیم کو بھی نظر انداز نہیں کرنا چاہیے۔