کراچی کی ہائی رسک یو سیز میں 10 سال تک کے بچوں کو پولیو کے قطرے پلائیں گے: وفاقی وزیرِ صحت

کراچی کی ہائی رسک یو سیز میں 10 سال تک کے بچوں کو پولیو کے قطرے پلائیں گے: وفاقی وزیرِ صحت

وفاقی وزیرِ صحت مصطفیٰ کمال سے کوآرڈینیٹر ایمرجنسی آپریشنز سینٹر سندھ نے ملاقات کی، جس میں کراچی سمیت سندھ میں انسدادِ پولیو اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

ملاقات کے دوران بتایا گیا کہ خصوصی انسدادِ پولیو مہم 11 سے 24 مئی تک منعقد کی جائے گی، جبکہ کراچی کی ہائی رسک یونین کونسلز میں 10 سال تک کے بچوں کو ویکسین دی جائے گی۔وفاقی وزیرِ صحت نے کہا کہ آئندہ ہفتوں میں مہم کی پیش رفت کا مسلسل جائزہ لیا جائے گا اور ویکسینیشن کوریج کو مزید بہتر بنانے کی ضرورت ہے، خاص طور پر سندھ کے بعض حساس علاقوں میں۔انہوں نے سہراب گوٹھ میں ڈسپنسری کے قیام کا بھی ذکر کیا، جہاں جلد طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔وزیرِ صحت کے مطابق جن علاقوں میں پولیو وائرس کی موجودگی رپورٹ ہوئی ہے وہاں ریڈ زون حکمتِ عملی اپنائی جا رہی ہے، جبکہ پولیو ورکرز کی تربیت اور مائیکرو پلاننگ کو مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے۔

مزید یہ کہ ویکسین سے محروم رہ جانے والے بچوں کی نشاندہی اور ان تک رسائی کو بھی مہم کا اہم حصہ بنایا جا رہا ہے۔مصطفیٰ کمال نے کہا کہ اس مہم میں مقامی کمیونٹی رہنماؤں، علما اور سماجی شخصیات کو بھی شامل کیا جا رہا ہے تاکہ آگاہی بڑھائی جا سکے، جبکہ کچی آبادیوں اور دور دراز دیہی علاقوں پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔شہری سطح پر نئے ویکسینیشن سینٹرز اور ڈسپنسریز کے قیام پر بھی کام جاری ہے تاکہ پولیو کے مکمل خاتمے کے ہدف کو حاصل کیا جا سکے۔