ٹیکس کی عدم ادائیگی پرپراپرٹی سیل کرنے کے دوران حملہ

ایکسائز ٹیم پر حملہ کرنے والے ملزموں کیخلاف مقدمہ درج کرنیکی درخواست
لاہور(خصوصی رپورٹ)شہر میں پراپرٹی ٹیکس نادہندہ کی جانب سے ایکسائز ٹیم پر حملے کا واقعہ پیش آیا ہے۔ یہ واقعہ تھانہ ہنجر وال کی حدود میں اس وقت پیش آیا جب ایکسائز حکام ٹیکس عدم ادائیگی پر متعلقہ پراپرٹی کو سیل کرنے پہنچے۔ذرائع کے مطابق کارروائی کے دوران نادہندہ اور اس کے ساتھیوں نے ایکسائز ٹیم پر حملہ کر دیا، جس کے بعد حکام نے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرانے کی درخواست دے دی ہے۔ ایکسائز حکام کا کہنا ہے کہ حملہ آوروں کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے اور واقعہ میں ملوث افراد کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔بعد ازاں پولیس نفری کے ہمراہ ایکسائز ٹیم نے دوبارہ موقع پر پہنچ کر سکیورٹی کے سخت انتظامات میں مذکورہ پراپرٹی کو سیل کر دیا۔ محکمہ ایکسائز کے مطابق اس پراپرٹی کے ذمے کئی سالوں سے ٹیکس واجب الادا تھا۔حکام نے واضح کیا ہے کہ صوبہ بھر میں پراپرٹی ٹیکس نادہندگان کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کی جا رہی ہیں اور کسی کے ساتھ رعایت نہیں برتی جائے گی۔