امریکی محکمۂ خارجہ نے ایران کی حمایت یافتہ عراقی مسلح تنظیم کتائب سید الشہداء (کے ایس ایس) کے رہنما کے بارے میں معلومات فراہم کرنے پر 10 ملین ڈالرز تک انعام کا اعلان کیا ہے۔
اس تنظیم کو امریکی حکومت نے دہشت گرد تنظیم قرار دیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق، امریکا کا کہنا ہے کہ یہ انعام ان افراد کے لیے ہے جو تنظیم کے رہنما ہاشم فنیان رحیم السراجی، المعروف ابو علاء الولائی، کے بارے میں معلومات فراہم کریں۔ امریکی حکام کے مطابق، السراجی نے عراق میں امریکی سفارتی تنصیبات، فوجی اڈوں اور اہلکاروں پر حملے کیے ہیں، اور انہوں نے عراق کے شیعہ اتحاد کوآرڈینیشن فریم ورک کا بھی حصہ ہیں۔ سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ السراجی کے ٹھکانے سے متعلق معلومات دینے والوں کو انعام کے علاوہ نقل مکانی کی سہولت بھی فراہم کی جا سکتی ہے۔
اس گروہ نے عراق اور شام میں امریکی فوجی اڈوں اور اہلکاروں کو نشانہ بنایا ہے، اور ایران نواز گروہوں نے بغداد میں امریکی سفارتخانے، ایئر پورٹ اور تیل کے ذخائر کو بھی نشانہ بنایا ہے۔
یاد رہے کہ عراق حالیہ عرصے میں تنازعات سے نکل کر کچھ حد تک استحکام کی طرف بڑھ رہا تھا، تاہم حالیہ کشیدگی میں دوبارہ الجھ گیا ہے، خصوصاً ایران پر حملوں کے بعد۔ اس کے علاوہ، امریکا نے پہلے بھی ایران نواز گروہ کتائب حزب اللّٰہ کے سربراہ کے بارے میں انعام کا اعلان کیا تھا۔ امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ واشنگٹن عراق میں ایران نواز گروہوں کے خلاف کارروائی کے لیے دباؤ بڑھا رہا ہے، جس میں نقد ترسیلات معطل کرنا اور سیکیورٹی پروگرامز کی فنڈنگ روکنا شامل ہے۔