امریکا کا ایران کے ڈرون نیٹ ورک پر بڑا اقدام، 15 ملین ڈالر انعام کا اعلان

امریکا کا ایران کے ڈرون نیٹ ورک پر بڑا اقدام، 15 ملین ڈالر انعام کا اعلان

امریکی محکمہ خارجہ نے پاسدارانِ انقلاب ایران کے ڈرون پروگرام سے منسلک نیٹ ورک کے خلاف بڑا اقدام کرتے ہوئے معلومات فراہم کرنے والوں کے لیے 15 ملین ڈالر تک انعام کا اعلان کیا ہے۔

محکمہ خارجہ کے مطابق انعامی پروگرام کے تحت ایسے افراد کو مالی انعام دیا جائے گا جو ایرانی ڈرون پروگرام سے وابستہ افراد، ان کے مالیاتی نیٹ ورک یا معاونین کے بارے میں قابلِ تصدیق معلومات فراہم کریں گے۔امریکی حکام کا دعویٰ ہے کہ پاسدارانِ انقلاب کی قدس فورس سے منسلک ایک یونٹ اور اس سے جڑی کمپنی کیمیا پارٹ سیوان کمپنی ڈرونز کی تیاری، ٹیسٹنگ اور ترسیل میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔رپورٹ کے مطابق اس نیٹ ورک سے چھ افراد وابستہ ہیں جو ڈرون ٹیکنالوجی کی تیاری اور سپلائی چین میں ملوث بتائے جاتے ہیں۔امریکی حکام نے کہا ہے کہ اس اقدام کا مقصد ایران کی عسکری صلاحیتوں اور مالی نیٹ ورک کو محدود کرنا ہے، جبکہ ایران کی جانب سے اس پر تاحال باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔ تجزیہ کاروں کے مطابق یہ پیش رفت ایران اور امریکا کے درمیان پہلے سے جاری کشیدگی کو مزید بڑھا سکتی ہے۔