پاکستان کی جانب سے متحدہ عرب امارات کے تمام مالیاتی ڈپازٹس واپس کر دیے گئے ہیں۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے تصدیق کی ہے کہ پاکستان نے یو اے ای کی طرف سے فراہم کردہ تمام مالیاتی ڈپازٹس واپس کر دیے ہیں، جس کے تحت ایک ارب ڈالر کی تازہ ترین ادائیگی گزشتہ روز منتقل کی گئی، اور اس کے بعد مجموعی بقایا رقم مکمل ادا ہو چکی ہے۔ یاد رہے کہ اس سے قبل، یعنی گزشتہ ہفتے کے دوران، پاکستان نے یو اے ای کو 2.45 ارب ڈالر کی رقم واپس کی تھی، اس طرح مجموعی طور پر 3.45 ارب ڈالر کی ادائیگیاں مکمل ہو چکی ہیں۔ اسٹیٹ بینک کے مطابق، تمام واجبات طے شدہ طریقہ کار کے مطابق ادا کیے گئے ہیں۔ دوسری جانب، سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کو 3 ارب ڈالر کی مالی معاونت فراہم کی گئی ہے، جسے ملک کے مالیاتی استحکام کے تناظر میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔