سعودی عرب نے پاکستان کے لیے مالی معاونت میں اہم پیش رفت کرتے ہوئے 5 ارب ڈالر کے ڈپازٹس کی مدت میں توسیع کا اعلان کر دیا ہے، جبکہ مزید 3 ارب ڈالر کے اضافی ڈپازٹس بھی فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے واشنگٹن میں پاکستانی سفارتخانے میں میڈیا بریفنگ کے دوران بتایا کہ سعودی عرب نے پاکستان کی معیشت اور زرمبادلہ کے ذخائر کو سہارا دینے کے لیے یہ بڑا فیصلہ کیا ہے۔پہلے سے موجود 5 ارب ڈالر کے ڈپازٹس کو رول اوور سے بڑھا کر طویل مدت کے لیے برقرار رکھا جائے گا.جبکہ 3 ارب ڈالر کے نئے ڈپازٹس آئندہ ہفتے تک پاکستان کو منتقل ہونے کی توقع ہے.انہوں نے کہا کہ یہ مالی معاونت پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر کو مستحکم کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی اور معاشی دباؤ میں کمی آئے گی۔محمد اورنگزیب نے مزید بتایا کہ حکومت کا ہدف رواں مالی سال کے اختتام تک زرمبادلہ کے ذخائر کو 18 ارب ڈالر تک پہنچانا ہے، جس میں اس پیش رفت سے مدد ملے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اپنی تمام بین الاقوامی مالی ذمہ داریاں، بشمول بانڈز کی ادائیگیاں، وقت پر مکمل کرے گا۔وزیر خزانہ نے سعودی عرب کی حمایت کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ فیصلہ دونوں ممالک کے دیرینہ دوستانہ اور معاشی تعلقات کا مظہر ہے۔ انہوں نے سعودی وزیر خزانہ محمد بن عبداللہ الجدعان سے ملاقات کو بھی انتہائی مثبت قرار دیا۔آخر میں انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے بہتر مواقع موجود ہیں اور حکومت غیر ملکی سرمایہ کاروں کو سہولتیں فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔