پاکستان کی سفارتی کامیابیاں بڑھ رہی ہیں، گرین پاسپورٹ کا وقار بلندہوا : امیر مقام

 پشاور (آن لائن) وفاقی وزیر انجنئیر امیر مقام نے کہا ہے کہ تعلیمی ترقی اور نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کرنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔پشاور میں طلبا میں لیپ ٹاپ تقسیم کی ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انسٹی ٹیوٹ آف منیجمنٹ سائنسز ایک بہترین تعلیمی ادارہ ہے جہاں معیاری تعلیم فراہم کی جا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ لیپ ٹاپ مکمل طور پر میرٹ کی بنیاد پر تقسیم کیے جا رہے ہیں تاکہ طلبا کو یکساں مواقع میسر آئیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ 2013 سے 2018 تک یہ پروگرام کامیابی سے جاری رہا تاہم بعد میں آنے والی حکومت کی پالیسیوں کے باعث یہ منصوبہ متاثر ہوا۔ ان کے مطابق 2022 میں پی ڈی ایم حکومت نے اس پروگرام کو دوبارہ بحال کیا۔انہوں نے ملکی سلامتی اور سفارتی امور پر بات کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان آج مختلف شعبوں میں نمایاں کامیابیاں حاصل کر رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مئی 2025 میں پاکستان نے بھارت کو ایک بڑی شکست  سے  دوچار کیا، جس میں پاک فوج نے شاندار کردار ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل کی قیادت میں پاک فوج نے اپنے سے بڑی طاقت کے  خلاف مؤثر حکمت عملی اپنائی۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم اور عسکری قیادت کی رہنمائی میں پاکستان عالمی سطح پر سفارتی کامیابیاں حاصل کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا  اس وقت دنیا بھر میں پاکستانی پاسپورٹ، جسے ‘‘گرین پاسپورٹ’’ کہا جاتا ہے، کے وقار میں  اضافہ ہو رہا ہے اور پاکستان کا عالمی تشخص بہتر ہو رہا ہے