یہ پیش رفت خطے میں امن، استحکام کے لئے پاکستان کے مثبت کردار کا منہ بولتا ثبوت ہے
اسلام آباد(آئی این پی)وفاقی وزیر امور کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران انجینئر امیر مقام نے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کی تاریخی کامیابی پر وزیراعظم محمد شہباز شریف، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور پاکستان کی سفارتی ٹیم کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔ ایک بیان میں وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی مدبرانہ قیادت، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی موثر سفارتکاری اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی بصیرت افروز رہنمائی نے پاکستان کو عالمی سطح پر ایک ذمہ دار، بااعتماد اور موثر ریاست کے طور پر مزید مستحکم کیا ہے۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی جانب سے بطور ثالث اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر دستخط کرنا پاکستان کے لیے ایک عظیم اعزاز اور تاریخی سفارتی کامیابی ہے۔ اس مفاہمتی یادداشت پر امریکہ کے صدر ڈونلڈٹرمپ اور ایران کے صدر مسعود پزشکیان کے دستخط موجود ہیں جو پاکستان پر عالمی برادری کے اعتماد کا واضح اظہار ہے۔ یہ پیش رفت خطے میں امن، استحکام اور باہمی تعاون کے فروغ کے لیے پاکستان کے مثبت کردار کا منہ بولتا ثبوت ہے