چیف جسٹس عالیہ نیلم کی گرمیوں میں عدالتوں میں سائلین کے لیے سہولیات کی فراہمی کی ہدایت

چیف جسٹس عالیہ نیلم کی گرمیوں میں عدالتوں میں سائلین کے لیے سہولیات کی فراہمی کی ہدایت

لاہور: گرمیوں میں سائلین کے لیے خوشخبری، چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس عالیہ نیلم کی ضلعی عدالتوں میں سہولیات کی فراہمی کی ہدایت

گرمی کی شدت میں اضافے کے پیشِ نظر چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ، جسٹس عالیہ نیلم نے سائلین کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے ضلعی عدالتوں میں فوری اقدامات کرنے کا حکم دے دیا ہے۔چیف جسٹس نے سیشن اور سول عدالتوں میں آنے والے سائلین کی سہولت کے لیے صاف پانی، پنکھوں اور بیٹھنے کے لیے بنچز کی دستیابی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ سخت موسم میں سائلین کو بہتر ماحول فراہم کرنا عدالتی نظام کی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔جسٹس عالیہ نیلم نے ضلعی عدالتوں میں الیکٹرک واٹر کولرز نصب کرنے کی خصوصی ہدایت دی ہے تاکہ سائلین کو ٹھنڈا اور صاف پانی میسر ہو۔ ساتھ ہی عدالتوں میں پنکھوں اور مناسب بیٹھنے کے انتظامات کو بہتر بنانے کے لیے متعلقہ سیشن ججز سے رپورٹس طلب کر لی گئی ہیں۔

چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ عدالتوں میں آنے والے شہری پہلے ہی مختلف مسائل سے دوچار ہوتے ہیں، ایسے میں گرمی کی شدت ان کے لیے مزید تکلیف دہ نہ بنے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ عدالتی ماحول کو انسانی بنیادوں پر بہتر بنانا ہماری اخلاقی اور پیشہ ورانہ ذمہ داری ہے۔عدالتی ذرائع کے مطابق ہدایات پر فوری عملدرآمد کے لیے متعلقہ انتظامیہ کو احکامات جاری کر دیے گئے ہیں، اور تمام ضلعی و تحصیل سطح پر عدالتوں میں سہولیات کی فراہمی کی مانیٹرنگ کی جائے گی۔