لاہور ہائیکورٹ کی نیو ججز لائبریری میں عدالتی اصلاحات سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں عوام کو فوری اور مؤثر انصاف کی فراہمی کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کی صدارت سپریم کورٹ کے سابق جج جسٹس (ر) رحمت حسین جعفری نے کی جبکہ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ عالیہ نیلم، چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ جسٹس روزی خان بھی شریک ہوئے۔ اس کے علاوہ سندھ، پشاور، بلوچستان اور اسلام آباد ہائیکورٹس کے رجسٹرارز اور فیڈرل جوڈیشل اکیڈمی اسلام آباد کے ڈائریکٹر جنرل نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔اجلاس کے دوران بروقت انصاف کی فراہمی کے لیے مختلف تجاویز پیش کی گئیں اور عدالتی نظام میں بہتری کے لیے اصلاحاتی اقدامات پر غور کیا گیا۔
شرکاء نے اس بات پر اتفاق کیا کہ عدلیہ پر عوامی اعتماد کی بحالی اور عام آدمی کو فوری انصاف کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات ناگزیر ہیں۔چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ عالیہ نیلم کی اس سلسلے میں کی جانے والی کوششوں کو سراہا گیا اور امید ظاہر کی گئی کہ ان اقدامات سے مستقبل قریب میں عدالتی نظام مزید فعال اور مؤثر ثابت ہوگا۔